لباس، رہن سہن اور رسوم کا معروف تو مڈل کلاس سے ہی طے ہوتا ہے۔ لوئر اور اپر کلاس کو بالعموم اس کی پابندی کرنی پڑتی ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ اس کی پابندی نہ کر کے کون سی کلاس اپنی اہمیت بڑھا لیتی ہے اور کون سی کھو دیتی ہے۔
تجربے سے معلوم ہوا ہے کہ اپر کلاس معروف کو چیلنج کرنے سے اپنی اہمیت میں اضافہ کر لیتی ہے کیونکہ اُس نے چیلنج کرنے کی قوت مادی وسائل کی وجہ سے حاصل کی ہے۔ یہ وسائل اپر کلاس نے اُس طاقت کے بل بوتے پر جمع کیے ہیں جو اپنی کوئی اخلاقی یا انسانی بنیاد نہیں رکھتی۔۔۔۔۔۔۔ایک اندھی، بہری، خود پسند اور خود پرست طاقت۔۔۔۔۔۔۔۔۔لیکن یہ طاقت خودشناس نہیں بناتی۔
اِس سے یہ بات خود بخود معلوم ہو جاتی ہے کہ انسانوں کی کثیر تعداد کے نزدیک اہمیت کا پیمانہ ایک اندھی، بہری، خود پسند اور خود پرست طاقت ہے جسے ہر شخص حاصل کرنا چاہتا ہے۔ اور یہ تو کمزوروں کی مجبوری ٹھہری کہ وہ اِس طاقت کو، اخلاقی، مذہبی، سیاسی یا سماجی ڈھانچے کا حصہ بنا کر اپنی بے بسی کو بہلا لیں۔